اسلام آباد(این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے پاکستان مخالف تقریر پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 اور 17 کے تحت کارروائی کی سفارش کردی۔چوہدری محمود بشیر ورک کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے قائد کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن عارف علوی کی پیش کردہ قرار داد مذمت متفقہ طور پرمنظور کی گئی۔قرار داد میں حکومت سے متحدہ کے قائد کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 اور 17 کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد کا بھارت اور اسرائیل سے مدد طلب کرنا شرمناک فعل ہے۔قائمہ کمیٹی کے ارکان نے قرار دیا کہ الطاف حسین کی تقریر اور پاکستان مخالف نعرے بازی غداری کے زمرے میں آتے ہیں، جس پر حکومت کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی کرنی چاہیے۔کمیٹی اجلاس میں تمام حاضر اراکین نے قرار داد کی حمایت کی۔قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں متحدہ کے واحد رکن ایس اقبال قادری اجلاس میں حاضر نہیں تھے۔