کابل(این این آئی)امدادی تنظیموں نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے واپس آنے والے افغان مہاجرین کو جان لیوا نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایسے تھوڑے ہی افغان مہاجرین ہیں، جن کو واپسی پر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق غیر سرکاری تنظیم نارویریفیوجی کونسل ( این آر سی) کی سربراہ کیٹ او رورکے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے واپس آنے والے مہاجرین کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھاان لوگوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے ورنہ اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ان کا بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انہیں فوری مالی امداد فراہم کی جائے۔ صورتحال کی سنگینی کو بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت سے خاندانوں کے سروں پر چھت ہی نہیں ہے۔ بچوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ خوراک کی کمی کا شکار ہیں، یہاں تک کہ پینے کے صاف پانی تک کی کمی ہو چکی ہے۔