ریاض (نیوز ڈیسک) حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حسب سابق حج کے ایام کی آمد کے ساتھ ہی غلاف کعبہ کو زمین سے تین میٹر اونچا کر دیا ہے۔ غلاف کعبہ کو زمین سے اٹھائے جانے کا مقصد حج کے ایام میں غلاف کو کسی بھی قسم کے نقصان اور اس کی قطع وبرید سے محفوظ رکھنا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز غلاف کعبہ کو تین میٹر اونچا کر دیا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں زائرین کعبہ اور نمازی بھی موجود تھے۔ غلاف کعبہ 9 ذی الحج تک زمین سے تین میٹر بلند رہے گا تاکہ اس دوران غلاف کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچایا جا سکے۔خیال رہے کہ ماضی میں حج کے ایام میں عازمین غلاف کعبہ کو چھونے کے ساتھ اس کے ٹکڑے تبرک کے طور پر کاٹ کر اپنے پاس رکھ لیتے تھے جس سے بیت اللہ کے غلاف کو نقصان پہنچتا تھا مگر اب سعودی حکومت نے غلاف کعبہ کے تحفظ کے لیے حج کے ایام میں اسے بلند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق غلاف کعبہ کو زمین سے اونچا کرنے کاعمل تین گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران نمازی اور زائرین کعبہ تسبیح وتہلیل کے ساتھ اللہ رب ذالجلال کی کبریائی بھی بیان کرتے رہے۔ بیت اللہ کے قریب موجود زائرین نے غلاف کو اوپر اٹھانے کے مناظر کو اپنے موبائل کیمروں میں بھی محفوظ کیا۔غلاف کعبہ نو ذی الحج (یوم عرفہ) کی صبح تک اونچا رکھا جائے گا۔ نوذی الحج کو خانہ کعبہ کا نیا غلاف بیت اللہ کی زینت بنایا جائے گا اور پہلے غلاف کو اتار لیا جائے گا۔