اسلام آباد (آئی این پی)مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی مودی موجود ہیں جو جہاد کیخلاف ہیں، افغانیوں کو ذلیل اور رسوا کرکے پاکستان سے نکالا جارہا ہے جو سراسر غلط ہے،افغانستان میں اس وقت اگ لگی ہوئی ہے اور اس اگ میں افغان مہاجرین کو پھینکا جارہا ہے ۔ جے یو آئی (س) کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ جہاد کی وجہ سے نواز شریف کو حکومت ملی جس کی آج وہ مخالفت کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ 80 کے نام نہاد جہاد نے ہمیں تباہ کیا ،اگر ایسا نہ ہوتا تو آج پاکستان میں روسی دندناتے پھرتے۔ افغانستان میں امن قائم ہونے کے بعد مہاجرین کوواپس افغانستان بھیجا جائے۔ جہاد کو آزادی کی جنگ سمجھتے ہیں۔وہ بدھ کو سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی 28ویں برسی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق اور عبداللہ گل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجا زالحق نے مزید کہا کہ میرے والد نے پوری زندگی پاکستان کی خدمت کی پاکستان کے خلاف ہر دیوار کو گرایا۔ روس اور بھارت کو ان کی اوقات یاد دلادی۔ کشمیر کے اندر بھارت ظلم کر رہا ہے ۔ ہم کشمیر کو آزاد کروا کے دہلی میں اسلام کا جھنڈا لہرائیں گے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے کہا کہ اگر جنرل ضیا ء حیات ہوتے تو کشمیر آج پاکستان کا حصہ ہوتا۔ حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے، ہمیں مل کر اس ملک کو بچانا ہے، جنرل ضیاء کا مشن جاری رکھنا ہے۔