کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ صوبہ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں اسمبلی کے دوران قومی ترانہ پڑھا جائے اور محکمہ تعلیم کے افسران باقاعدہ دورے کر کے قومی ترانے پڑھانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری تعلیم ممتاز علی شاہ، اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر منصور رضوی، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی مظہر صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ روشن پاکستان یوم آزادی کے عنوان سے آرٹ کے مقابلے کو شایان شان طریقے سے منایا جائے، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے باصلاحیت طالب علموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے تا کہ سندھ کے بچوں کا ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روشن پاکستان، یوم آزادی کے عنوان سے ہونے والے مقابلے میں وزیراعلیٰ سندھ خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور مقابلے میں کامیاب ہونے والے طالب علموں میں وزیر اعلیٰ سندھ اسناد کے ساتھ اپنی ذاتی جیب سے انعامات بھی دیں گے۔ جام مہتاب حسین ڈہر نے آرٹ مقابلے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر نے ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ بند اسکولز/جزوی طور پر تباہ اسکولز کو فوری کھولنے کی سمری تیار کریں تا کہ ان اسکولز میں تدریسی عمل کو شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ کے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی مرکزی تقریب 13 اگست کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہو گی اور وزیر اعلیٰ سندھ اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔