اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ جانی و مالی نقصانات سے بچنے کیلئے تمام صوبائی اداروں کو ضروری احتیاطی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق حالیہ مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اس لئے ریسکیو اور ریلیف کے تمام اداروں اور محکموں کو چوکس رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، فاٹا، بالائی سندھ، مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ضلع بنوں میں طوفان بادوباراں سے دو افراد جاں بحق اور 28 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق گلگت سکردو روڈ چند مقامات پر متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لکی مروت میں متاثرین میں 3.2 ٹن فضائی اشیاء تقسیم کی گئی ہیں۔