اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی پولیس نے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے نوجوانوں کو ون ویلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف سینکڑوں افراد کی تھانہ نیو ٹاؤن کے باہر ہنگامی آرائی، حنیف عباسی بھی تھانے پہنچ گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے 6 نوجوان کو ون ویلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا جس پر سینکڑوں نوجوان نے تھانے پہنچ کر توڑ پھوڑ کی اور شیشے توڑ دیے اور پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی بھی نوجوانوں کو چھڑانے کارکنوں کے ہمراہ تھانے پہنچ گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے گرفتار نوجوانوں کو رہا کر دیا جبکہ ون ویلنگ پر قبضے میں لیے گئے موٹر سائیکل تاحال واپس نہیں کیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن کو نوجوانوں سے مبینہ غیر انسانی سلوک پر معطل کر دیا گیا۔