اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے امریکی انتخابات کی کوریج کے بہانے امریکی ویزے حاصل کرنے کے خواہش مند جعلی صحافیوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ایف آئی اے نے امریکی سفارت خانہ کے باہر سے گرفتار میڈیا کے جعلی نمائندوں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کے ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان الدین کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے ملزمان سے تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان پیشے کے اعتبار سے ٹیچر،ڈرائیور، کسان اور نائی ہیں جنہوں نے خود کو پروڈیوسر ز اور کیمرا مین ظاہر کر کے میڈیا کے فرضی ناموں پر امریکی انتخابات کی کوریج کے بہانے امریکی ویزے حاصل کرنے کی کوشش کی اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر یکم اگست کو گرفتار ہوئے۔ ملزمان نے امریکا جانے کے لیے دو ایجنٹوں ڈاکٹر طارق اور فیصل بشیر کو 20 لاکھ روپے تک کی رقم دی۔ جن کی گرفتاری اور ملزمان سے مزید تفتیش باقی ہے ٗعدالت نے ملزمان عدیل انعام ، نعیم اختر ، محمد شہزاد اور محمد فیصل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔