اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے چکوال میٹرک بورڈ میں 1004 نمبر حاصل کرنے والی طالبہ نرگس گل کو پنجاب حکومت کی جانب سے مفت تعلیم کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پی ٹی وی کے مطابق لاہور میں چکوال کی جھگیوں کی رہائشی ہونہار طالبہ سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کی کامیابی پر آپ کے اساتذہ اور والدین مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ انھوں نے کامیاب طالبہ کو لیپ ٹاپ اور 5لاکھ روپے کا چیک دیتے ہوئے کہا کہ آپ ڈاکٹر بنیں یا انجینئرپنجاب حکومت تمام تر تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ پورے گھرانے کورہائش بھی فراہم کرے گی۔ اس موقع پر سکول کی ہیڈ مسٹریس سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انھوں نے انہیں بھی مبارک باد پیش کی۔