پشاور(این این آئی)پرویزخٹک نے ’’افغان بھائیوں‘‘کیلئے ’’زبردست‘‘اعلان کردیا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے38 سال سے افغان مہاجرین کو اپنا مہمان سمجھا اور بھائیوں جیسا سلوک کیا اب بھی وفاقی حکومت جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں قابل قبول ہو گا اور جب تک افغان مہاجرین یہاں مقیم ہیں وہ ہمارے بھائی ہیں اور ہم اُن کی دیکھ بھال میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز تر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کہاکہ خطے کے وسیع تر مفاد میں صوبے میں مقیم افغان مہاجرین کی رجسٹریشن ناگزیر ہے صوبائی حکومت کا غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے بارے میں موقف واضح اور غیر مبہم ہے۔ جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ افغان مہاجرین کے مسئلے پر حتمی فیصلہ وفاقی حکومت ہی کر سکتی ہے میں نے وفاقی سطح پر متعلقہ فورم پر متعدد بار یہ مسئلہ اُٹھایا ہے اور 30 جون کو افغان سفیر کے ساتھ اپنی ملاقات میں خطے کی سنگین صورتحال اور غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی وجہ سے درپیش مسائل پر گفتگو کی ہے انہوں نے وفاقی حکومت سے کہاکہ افغان مہاجرین کے سلسلے میں جو حکمت عملی ہے اس پر پیش رفت ہو۔ یہ خالصتاً وفاقی مسئلہ ہے اور وہ اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کر سکتی ہے ۔