لاہور /گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک) دو مختلف شہروں میں اغواء کار شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہربنس پورہ کے علاقہ سلامت پورہ میں تین مبینہ اغواء کاربچے کو اغواء کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جن کی شہریوں نے خوب درگت بنائی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزموں کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا ہے۔ دریں اثناء ایک اور واقعہ میں گوجرانوالہ کے شہریوں نے بچے کو اغوا کرتے ہوئے مبینہ اغوا کار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور خوب دل کی بھڑاس نکالنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ محلہ غازی پورہ میں مبینہ اغوا کار ایک بچے کو پیسے دے کر چیز دلانے کے بہانے ساتھ لے جا رہا تھا جسے اہل علاقہ نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جس کے بعد وہاں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور اغوا کار نوید اختر پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔