کراچی(این این آئی) شہر قائد میں مختلف فرقوں اور اقلیتی عبادت گاہوں پر حملوں کا خطرہ ہے ، حساس اداروں نے الرٹ جاری کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سانحہ کے بعد کراچی بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے حساس اداروں کی جانب سے ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے ، جس میں بتایاگیا ہے کہ افغانستان بیسڈ کالعدم تنظیم نے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی یوپی موڑ کے قریب ایک عبادت گاہ پر حملے کی منصوبہ بندی کی ہے۔اس کے علاوہ مختلف فرقوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کو بھی ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے، جس پر کراچی میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام مذہبی عبادت گاہوں اور اہم مقامات کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے ۔گزشتہ ماہ حساس اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ القاعدہ برصغیر کے دہشتگردوں نے شہر قائد میں پولیس، ٹریفک پولیس اور رینجرز پر حملے کی منصوبہ بندی کی ہے۔