اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں دہشتگردی کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرادادمتفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔قرارداد میں دھماکہ متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس ہو اجس میں کوئٹہ میں سول ہسپتال میں ہونے والی دہشت گرد کارروائی کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔قرارداد وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان کوئٹہ میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے،ایوان بزدلانہ حملے میں شہید افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے،قرار داد میں مزید کہا گیاکہ ایسے سانحات ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔قومی اسمبلی میں پیش کی گئی سانحہ کوئٹہ کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظو ر کر لی گئی۔