اسلام آباد(این این آئی) بلیک لسٹ میں موجود امریکی شہری میتھیو کریگ بیرٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان میں مستقل قیام کرنے کی غرض سے امریکا سے واپس آیا تھا۔خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بلیک لسٹ میں موجود ایک امریکی شہری کو ہفتہ 6 اگست کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کے خلاف پاکستان کسٹم ایکٹ اور فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ امریکی شہری نے زبردستی پاکستان میں داخل ہونے کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلیک لسٹ ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں گیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہوسٹن میں پاکستنانی قونصلیٹ نے انھیں پاکستان کا ویزا جاری کیا تھا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے تفتیش کے دوران امریکی شہری سے کئی سوالات پوچھے کہ وہ اپنی بیوی بنوشا خان کے بغیر مستقل طور پر پاکستان کیوں منتقل ہونا چاہتا تھا اور اس نے 24 گھنٹے کے اندر اندر 4 سال کا ملٹی پل ویزا کیسے حاصل کرلیا نجی ٹی وی کے مطابق اس واقعے کے بعد جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی گئی جو امریکی شہری کو ویزے کے اجراء کے خلاف تحقیقات کرے گی۔مذکورہ امریکی شہری کو ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے سب انسپکٹر راجہ آصف اور ان کے بیٹے احتشام الحق نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلیئر کیاجس کے بعد دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاحکام کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکار احتشام الحق کو گرفتار کر لیا گیا ٗ ان کے والد سب انسپکٹر راجہ آصف کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔