اسلام آباد /راولپنڈی (آئی این پی )بلیک لسٹ پر ہونے کے باوجود پاکستانی ویزہ حاصل کر کے اسلام آباد آنے والے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر( آج)منگل کو راولپنڈی کیمقامی عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ ایف آئی اے عدالت سے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ دوسری طرف اسلام آباد پولیس کے ایس پی کیپٹن الیاس کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی ملزم سے تفتیش کر رہی ہے۔ جے آئی ٹی امیگریشن عملے کے بیانات بھی قلمبند کرے گی جبکہ ہوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی خاتون ویزہ آفیسر سمیت دیگر افسران کے بیانات بھی ریکارڑ کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ جے آئی ٹی ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ مکمل کر کے وزارت داخلہ کو جمع کرائے گی۔ میتھیو نے ہوسٹن سے پاکستانی قونصلیٹ سے ویزہ حاصل کیا تھا۔ 2011میں میتھیو کا ویزہ منسوخ کر کے اسے ملک بدر کر کے بلیک لسٹ پر رکھا گیا تھا۔