روم(این این آئی)اطالوی حکومت نے بحیرہ روم عبور کر کے اٹلی کا رخ کرنے والے تارکین وطن کو اس سفر کے خطرات سے آگاہ کرنے اور انہیں روکنے کے لیے ایک بھرپور میڈیا مہم شروع کر دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اٹلی کی جانب سے بحیرہ روم کے خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے یورپ کا رخ کرنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کو اس سفر میں خطرات سے آگاہ کرنے اور انہیں ایسے راستے اختیار نہ کرنے کے لیے قائل کرنے کے لیے ایک بھرپور میڈیا مہم شروع کر دی ہے۔اطالوی حکومت نے پندرہ لاکھ یورو کے خطیر بجٹ کے ساتھ شروع کی جانے والی اس مہم کا عنوان ’تارکین وطن خبردار‘ رکھا ہے۔ مغربی اور شمالی افریقہ کے پندرہ ممالک میں شروع کی جانے والے اس مہم کے لیے انٹرنیٹ، ٹی وی، ریڈیو اور سوشل میڈیا جیسے ذرائع ابلاغ زیر استعمال لائے گئے ہیں۔روم حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اشتہاری مہم میں ایسے واقعات کی عکاسی کی گئی ہے اور تارکین وطن کو پیش آنے والے حادثوں کے تازہ اعداد و شمار بھی بتائے گئے ہیں۔