مکہ مکرمہ(این این آئی ) سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر التین نے کہا ہے کہ اس سال فریضہ حج کی ادئیگی کے لئے آنے والے عازمین کو مکہ مکرمہ میں قیام کے پورے عرصے کے دوران آبِ زم زم ان کی رہائش گاہوں پر مہیا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کو آبِ زم زم کی فراہمی ایک مقدس فریضہ ہے اسے حاجیوں کی رہائش گاہوں پر مہیا کر کے مسجد الحرام میں آبِ زم زم بھر نے کے لئے جمع ہونے والے لوگوں کا رش کم کم کرنے کے ساتھ ساتھ بلیک مارکیٹ میں آب زم زم کی فروخت کا بھی سد باب کیا جا سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آب زم زم بلا معاوضہ اورمفت مہیا کیا جائے گا تاہم حاجیوں کی رہائش گاہوں تک پہنچانے کے لئے حاجیوں سے اس کی ٹرانسپورٹیشن کے معمولی اخراجات وصول کئے جائیں گے ۔ زم زم یونائیٹڈ آفس کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے چیئرمین عبد الہادی زمزمی نے بتایا کہ حاجیوں کی رہائش گاہوں پر آبِ زم زم کی سپلائی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔