اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دفتر خارجہ نے جنوبی سوڈان میں سیکورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر جنوبی سوڈان میں رہنے یا کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی سوڈان میں سیکورٹی کے غیریقینی صورتحال کی وجہ سے غیر ملکیوں کیلئے شدید خطرات پیدا ہو سکتے ہیں اس لئے تمام پاکستانی شہریوں کو چاہیے کہ وہ جنوبی سوڈان کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دفتر خارجہ نے جنوبی سوڈان میں رہنے والے یا کام کرنے والے پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور غیر ضروری سٹاف کو بھی وہاں سے نکال لیں۔ انہیں گڑبڑ والے علاقوں کا سفر کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے اور صورتحال خراب ہونے کی صورت میں کسی بھی وقت جنوبی سوڈان سے نکلنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔