بیجنگ(آئی این پی )چین میں شدید سیلاب اور طوفان کے باعث 237افراد ہلاک اور 93لاپتہ ہو گئے ہیں ۔چین کے محکمہ موسمیات کے ترجمان یانگ جیاتوان نے جمعرات کو چین میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے پریس بریفنگ میں بتایا کہ اگرچہ دریائے یانگ ژی میں پانی کا بہاؤ کم ہو رہا ہے تاہم اب بھی اس میں موجود پانی کی سطح انتہائی خطرناک ہے ۔ موجودہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے جبکہ ملک کے مشرقی اور مرکزی حصوں میں آئندہ دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ملک کے 28صوبوں کی1508کاؤنٹیز میں سیلاب کے باعث237افراد ہلاک جبکہ93لاپتہ ہو گئے ہیں ۔ 147200گھر تباہ حال ہیں جبکہ 5.46ملین ہیکٹر زرعی زمین زیر آب آ چکی ہے ۔ سیلاب کے باعث اب تک ملک کو 147ارب یوآن کا نقصان پینچا ہے ۔ سیلاب میں ملک کے مرکزی اور جنوب مشرقی حصوں میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے ۔ مزید بارشوں کے پیش نظر ملک کے شمالی دریاؤں میں سیلاب کے خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔