کویت سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک)کویت کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی سیکورٹی کو نشانہ بنانے کے مقصد سے تیار کیے گئے تین منصوبوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس سلسلے میں کویت اور اس کے بیرون تین پیش اقدامی کارروائیوں کے ذریعے داعش تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد عناصر کو بھی حراست میں لیا گیا۔وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق پہلے کیس میں کویت کی شہریت رکھنے والے 18 سالہ دہشت گرد ملزم طلال نایف رجا کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے حولی کے علاقے میں شیعوں کی ایک مسجد میں دھماکے اور وزارت داخلہ کی ایک تنصیب کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ملزم کی جانب سے داعش تنظیم کی بیعت کرنے اور بیرون ملک تنظیم کے ایک کمانڈر کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کا اعتراف کیا ہے۔