لندن (این این آئی)برطانیہ کے ریفرینڈم کے نتائج کے بعد یورپی یونین نے علیحدگی کے لیے خطوط واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین سے اخراج کے لیے باقاعدہ خط لکھنا ہو گا اور اعلان کرنا ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین نے ایک بیان میں کہاکہ برطانیہ آرٹیکل 50 کے استعمال کرتے ہوئے باضابطہ اعلان، خط یا پھر بیان کے ذریعے یونین سے علیحدگی اختیار کر سکتا ہے اور معاہدے کے تحت علیحدگی کے اعلان کے بعد دو سال کے اندر اندر علیحدگی کا عمل مکمل ہو گا۔یورپی یونین نے برطانیہ کے اخراج کے لیے باقاعدہ خطوط واضح کیے ہیں جس کے تحت برطانیہ یونین سے علیحدگی کے لیے باضابطہ بات چیت شروع کر سکتا ہے۔یورپین کونسل کے ترجمان جو یورپی یونین کی سیاسی سمت و رفتار اور ترجیحات کی وضاحت کرتے ہیں، انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ’ آرٹیکل 50 کے استعمال کی بات برطانیہ کی حکومت کی جانب سے یورپی کونسل کے لیے باضابطہ قدم ہوگا۔ترجمان نے کہاکہ آرٹیکل 50 کے استعمال کے لیے بالکل واضح انداز میں کہنا ہوگا۔انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے یورپی کونسل کے صدر کے نام کوئی خط ہو یا یورپی کونسل کی اجلاس میں کوئی سرکاری بیان جمع کروانا ہو گا جیسے اجلاس کی ایجنڈے اور ریکارڈ میں باضابطہ طور پر شامل کیا جائے۔