نئی دہلی (این این آئی)برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا نہ رہنے کے سوال پر رائے شماری کے بعد دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ وہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے سوال پر جلد ہی قومی دارالحکومت میں برطانوی طرز پر رائے شماری کرائیں گے۔ان کے اس اعلان سے سوشل میڈیا اور ان کے سیاسی مخالفین کی صفوں میں بے چینی پیدہ ہو گئی ہے۔دہلی اگرچہ ایک ریاست ہے لیکن شہری ترقی، پولیس اور امن و قانون کے نفاذ جیسے بنیادی ادارے وفاقی حکومت کے ہاتھ میں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق رائے شماری کرانے کے کیجریوال کے اعلان سے سوشل میڈیا میں کیجریوال کے خلاف بیانات کی جنگ چھڑ گئی ہے۔ انھیں نراجیت پسند، پاکستان کا ایجنٹ اور نہ سمجھ وغیرہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ کئی مبصرین نے دہلی میں رائے شماری کرانے کے تصور کو قومی سلامتی اور ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ بتایا ہے۔اروند کیجریوال نے کہاکہ مودی حکومت ان سے خوفزدہ ہے اور انھیں ہرقیمت پر ناکام کرنا چاہتی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس اب سمٹتی جا رہی ہے اور اس کی جگہ بی جے پی لے چکی ہے۔ملک میں کوئی جماعت اس حالت میں نہیں ہے جو مودی حکومت کو چیلنج کر سکے۔ صرف عام آدمی پارٹی ایک ایسی جماعت ہے جو گذشتہ دو برس سے بی جے پی کے لیے ایک بڑی سیاسی مشکل بنی ہو ئی ہے۔