سیؤل(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی کوریا کی طرف سے ایک ممکنہ بیلاسٹک میزائل تجربے کے تناظر میں جاپانی فوج کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق فوج کو جاپانی سر زمین کی طرف بڑھنے والی کسی بھی چیز کو مار گرانے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی ‘یونہاپ‘ کے مطابق شمالی کوریا نے درمیانے درجے تک مار کرنے والے موسوڈان میزائل کو اپنے مشرقی ساحل تک منتقل کیا ہے، تاہم فوری طور پر اس میزائل کو فائر کیے جانے کے کوئی شواہد نہیں ہیں۔ شمالی کوریا کی طرف سے رواں برس جنوری میں کیے جانے والے اپنے چوتھے جوہری تجربے اور پھر اس کے بعد متعدد میزائل تجربات کے بعد علاقے میں تناؤ کافی زیادہ ہے۔