لاہور(این این آئی )پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر وفاق المساجد پاکستان سے متصل ملک بھر کی 74ہزار سے زائد مساجد میں بنگلہ دیش میں دی جانیوالی پھانسیوں کیخلاف آج برو ز ( جمعہ ) کو یوم احتجاج منایا جائے گا۔بنگلہ دیش حکومت نے مظالم کی انتہا کردی ہے ۔تمام اسلامی ممالک بنگلہ دیش کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کریں ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی قائدین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،صاحبزادہ زاہد محمودقاسمی،مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم،مولانا اسد اللہ فاروق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بنگلہ دیش میں مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف واضح مؤقف اپنائے۔ تمام اسلامی ممالک ترکی کی طرح بنگلہ دیش کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کریں۔انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو بنگلہ دیش کے مظالم پر خاموش نہیں رہنا چاہئے ۔پاکستان کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کوبنگلہ دیش میں ہونے والے مظالم کیخلاف متفقہ لائحہ عمل بنانا چاہئے۔