سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلئے اگلے ماہ سے ایک شاندار سکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت وہ اپنے غیر قانونی قیام کو قانونی شکل دے سکیں گے۔ نیوز ویب سائٹ ”سعودی گزٹ“ کے مطابق سعودی نائب ولی عہد پرنس محمد بن نائف نے اگلے ماہ سے دوسری رعائتی مدت کا اعلان کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس سے پہلے 2013ءمیں غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو اپنی حیثیت قانونی بنانے کیلئے رعائتی مدت دی گئی تھی جس سے لاکھوں غیر ملکی مستفید ہوئے تھے۔ جنرل سیکیورٹی کے سربراہ عثمان المحرج کے مطابق نئی سکیم کا اطلاق مملکت کے ہر حصے پر ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مملکت میں آنے والے یا اقامہ سے ہٹ کر کسی کفیل یا ملازمت کو اختیار کرنے والے بھی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس خصوصی سکیم کیلئے تمام جیل خانہ جات اور پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹس کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔