گجرات کے مندر میں مورتی نصب کرنے پر دلبرداشتہ ہوں ، ہماری ثقافت ایسی تعلیم نہیں دیتی،مودی کاٹویٹ
11سال سے مودی کی تصویر رکھ کر عبادت کر رہے ہیں،ابباقاعدہ مورتی بنوائی ہے، مندر تعمیرکرنے والے اوم نوجوان گروپ کے سربراہ شنکر پٹیل کی میڈیا سے گفتگو
نئی دہلی – بھارتی ریاست گجرات کے ضلع راج کوٹ میں بھارتیہ جتنا پارٹی کے حامیوں نے مودی مندر بنا دیا ، نریندر مودی کی مورتی رکھ کر باقاعدہ پوجا شروع کر دی ، نریندر مودی کا خود سے منسوب مندر کی تعمیر پر اظہار افسوس ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع راج کوٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام سے منسوب مندر تعمیر کر دیا جس میں بھارتی وزیراعظم کی مورتی نصب کرکے ان کی پوجا شروع کر دی گئی ہے ۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں خود سے منسوب مندر کی تعمیر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل بھارتی ثقافت کے مطابق نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت ایسے مندروں کی تعمیر کی تعلیم نہیں دیتی۔مندر کی تعمیر کی خبر سے وہ ذاتی طور پر بہت دلبرداشتہ ہیں۔انہوں نے مندر بنانے والوں سے اپیل کی ہے کہ اگر آپ کے پاس وقت اور وسائل ہیں تو براہ مہربانی اس کا استعمال ہمارا صاف بھارت کا خواب پورا کرنے کے لیے کریں۔دوسری جانب مندر تعمیرکرنے والے اوم نوجوان گروپ کے سربراہ شنکر پٹیل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہم نریندر مودی کی تصاویر رکھ کر گذشتہ 11 سال سے عبادت کر رہے ہیں ، اب ہم نے ان کی ایک مورتی بنوائی ہے۔شنکر کے مطابق یہ مورتی 15 فروری کو مندر میں باقاعدہ طور پر نصب کی جائیگی اور اسی دن اجتماعی شادی کی تقریب کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔مندر کے پاس ہی پان اور چائے کی دکان چلانے والے شنکر پٹیل نے اخبار سے کہا کہ پتھر سے بنی اس مورتی کو اڑیسہ سے بنوایا گیا ہے اور اس پر ایک لاکھ 70 ہزار روپے لاگت آئی ہے۔