اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سینیٹ کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں گزشتہ تین سالوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث 621 ایف آئی آر کا اندراج کرایا گیا ، 56 بجلی چوروں کو سزا دی گئی جبکہ 211 کیس عدالتوں میں زیر التواء ہیں ۔ گزشتہ تین سالوں میں تقریباً 20 کروڑ روپے کی بجلی چوری کی گئی نیب میں انتہائی حساس اور اہمیت کے حامل 607 کیسز التواء کا شکار ہیں ۔ جمعرات کو سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت پانی و بجلی کی طرف سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ اسلام آباد میں گزشتہ تین سالوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث 621 ایف آئی آر کا اندراج کرایا گیا ، 56 بجلی چوروں کو سزا دی گئی جبکہ 211 کیس عدالتوں میں زیر التواء ہیں ۔ گزشتہ تین سالوں میں تقریباً 20 کروڑ روپے کی بجلی چوری کی گئی جبکہ وزارت قانون کی طرف سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ نیب میں انتہائی حساس اور اہمیت کے حامل 607 کیسز التواء کا شکار ہیں ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے بتایا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں موجودہ ڈیموں میں پانی کی گنجائش کم ہو رہی ہے۔ زرعی مقاصد کے لئے ان ڈیموں کی گنجائش برقرار رکھنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ منگلا ڈیم کی گنجائش میں 2.9 ایم اے ایف کا اضافہ کیا گیا۔ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے بعد تربیلا ڈیم پراجیکٹ کی معیاد میں 35 سال کا اضافہ ہو جائے گا۔ پانی کی گنجائش میں کمی سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی ہوتی ہے جس میں اضافہ کے لئے بھی کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ منگلا ڈیم کی گہرائی میں 40 فٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے 644 جی ڈبلیو ایچ اضافی بجلی پیدا ہوگی۔ تربیلا ڈیم کے چوتھے اور پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور سے ہر ایک سے 1410 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیر مملکت پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے بتایا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کوآپریٹو ہاؤسنگ نے 4259 کے ڈبلیو بجلی فراہم کرنے کی درخواست کے الیکٹرک کو دے رکھی ہے۔ یہ معاملہ اس وقت لوڈ ریگولرائزیشن اپروول اور سسٹم بہتر کرنے کی غرض سے زیر کارروائی ہے۔ سسٹم بہتر ہوتے ہی صارف کو کنکشن دے دیا جائے گا۔ توقع ہے کہ آئندہ سال بجلی فراہم کر دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہاڑوں کے اندر 60 کلو میٹر کی ٹنلز سے پانی گذر کر آتا ہے۔ زلزلوں سے یہ ٹنلز متاثر بھی ہوتی ہیں۔ مختلف وجوہات کے باعث اس منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے۔ اب یہ منصوبہ آئندہ سال کے وسط تک مکمل ہو جائے گا۔ اس سے 969 میگاواٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوگی۔وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال نے بتایا کہ بلوچستان حکومت ڈیموں کے حوالے سے وفاقی حکومت کو اپنی ترجیح سے آگاہ کرتی ہے۔ نولنگ ڈیم پر کام کا آغاز ابھی ہونا ہے۔ اس حوالے سے کام ہو رہا ہے۔ تین سالوں کے دوران پی ایس ڈی پی میں ملک میں 31 ڈیموں میں سے کئی ڈیموں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کے لئے رقوم مختص کیں۔وزیر مملکت جام کمال نے بتایا کہ اس گرڈ اسٹیشن کے لئے ٹینڈر ہو چکا ہے، منصوبے پر کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ رواں سال 60 فیصد حجاج سرکاری سکیم اور 40 فیصد پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جائیں گے۔ اس حوالے سے کیس سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کا فیصلہ بھی آنے والا ہے۔ ہم نے کسی حج گروپ آرگنائزر کو رجسٹرڈ نہیں کیا، یہ تمام آرگنائزرز گزشتہ ادوار کے ہیں۔ ہم نے آپریٹرز کو حاجیوں سے کئے گئے معاہدے کا پابند بنایا ہے اور ان کی سیکورٹی بھی فی حاجی کے حساب سے اپنے پاس رکھتے ہیں تاکہ حاجی مطمئن نہ ہوں تو ان سے کٹوتی کی جا سکے۔ اس عمل کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار بنتا ہے جس میں تعمیرات حرم کی وجہ سے کمی کی گئی ہے۔ حکومت حج کو سستا بھی کر رہی ہے اور آرام دہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حاجیوں کو بہتر رہائش، کھانا اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔