لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے ننکانہ صاحب میں دوکارکنوں کی ہلاکت کے بعدایک اورافسوسناک واقعہ۔چوہنگ کے علاقہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنے والے (ن) لیگ کے کارکنوں پر فائرنگ کر دی جس سے دو بھائیوں اور بچے سمیت تین زخمی ہو گئے ،پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ (ن ) لیگ کے حامی دو بھائی علی رضا اور سلامت بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں اپنے جنرل سٹور پر مٹھائی کا ٹوکرا رکھ کر ہر آنے جانے والے میں تقسیم کر رہے تھے کہ اسی دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں ندیم ،بلو ،عمران شاہ ، وسیم اور اویس نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے علی رضا ، سلامت اور راہگیر بچہ سیف زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔فائرنگ کے بعد ملزمان شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے ۔ پولیس نے وسیم اور اویس کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پسٹل برآمد کر لیا ہے ۔واضح رہے کہ ایک اور واقعے میںمسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ،جاں بحق ہونیوالے تحریک انصاف کے کارکن ہیں ،۔آن لائن کے مطابق ننکانہ صاحب کے نواحی علاقے وزیرپور کی یو سی 48 میں چیئرمین کے لئے 2 کزن رانا اسرار احمد اور رانا نزیر احمد تحریک انصاف اور (ن) کی جانب سے امیدوار تھے، گزشتہ روز بھی دونوں امیدواروں کے کارکنوں میں ہاتھا پائی کے واقعات رونما ہوئے تھے لیکن نتیجہ تحریک انصاف کے حق میں آیا جس پر (ن) لیگ کے کارکنوں میں شدید غصہ پایا جاتا تھا۔ اتوار کی صبح جب تحریک انصاف کے کارکن علاقے میں پہنچے تو مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کا آمنا سامنا ہو گیا اور پھر بات تلخ کلامی کے بعد بات فائرنگ تک جا پہنچی جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے 2 کارکن محمد اقبال اور محمد جمشید جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔واقعہ کے بعد مقامی پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ، ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔