اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایپل رواں سال ستمبر میں اپنی نئی آئی فون 17 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو، آئی فون 17 پرو میکس کے ساتھ ایک بالکل نیا اور نہایت پتلا ماڈل ’’آئی فون 17 ایئر‘‘ بھی شامل ہوگا۔اگرچہ کمپنی نے لانچ کی درست تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم متعدد ماہ سے جاری لیکس کے باعث ان ڈیوائسز کی تفصیلات منظرِ عام پر آ چکی ہیں، جن میں فی الحال کوئی ایسی خاص فیچر سامنے نہیں آیا جو صارفین کو چونکا سکے۔حالیہ رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 کا بنیادی ماڈل 799 ڈالرز سے شروع ہوگا، جو گزشتہ سال کے آئی فون 16 کی ابتدائی قیمت کے برابر ہے۔ اس کے برعکس دیگر تین ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
آئی فون 17 پرو کی قیمت ممکنہ طور پر 1049 ڈالرز، جبکہ 17 پرو میکس کی 1249 ڈالرز ہوگی۔ نیا آئی فون 17 ایئر 949 ڈالرز میں دستیاب ہوگا، جو آئی فون 16 پلس سے 50 ڈالرز مہنگا ہے۔قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین اور بھارت پر لگائے گئے ٹیرف بتائے جا رہے ہیں۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل 9 یا 10 ستمبر کو ایک خصوصی ایونٹ میں ان ماڈلز کا باضابطہ اعلان کر سکتا ہے۔ اس سال کا سب سے نمایاں فرق بیک کیمرا ڈیزائن میں تبدیلی ہوگی، جو 2020 میں آئی فون 11 کے بعد پہلی بار مکمل طور پر نیا انداز اپنائے گا۔ اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کی جگہ گوگل پکسل طرز کا ’’پل کیمرا بار‘‘ ڈیزائن متعارف کرایا جائے گا۔
مزید یہ کہ فرنٹ کیمرے کے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں بھی تبدیلی ہوگی، تیز تر میگ سیف چارجنگ فراہم کی جائے گی، اور فونز میں نیا اے 19 چپ سیٹ شامل کیا جائے گا۔آئی فون 17 ایئر، جو آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا، ایپل کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا۔ اس کے بیک پر صرف ایک کیمرا ہوگا، جو ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا۔ فیچرز کے لحاظ سے یہ اسٹینڈرڈ ورژن سے زیادہ مختلف نہیں، مگر اپنے منفرد پتلے ڈیزائن کی بدولت صارفین کی توجہ کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔