اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں قائم 99 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے اور ان کے مالکان و اسپانسرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ڈی اے نے اس حوالے سے نادرا کو خط لکھ کر متعلقہ افراد کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے، جبکہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کی باضابطہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پچھلے ماہ چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں طے کیا گیا تھا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ان سوسائٹیز کو تعمیراتی سامان فراہم کرنے والے افراد یا کمپنیوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے، اور تمام غیر قانونی اسکیموں کی تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر شائع کر دی گئی ہیں۔