لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے کاروباری طبقے کے لیے ایک نئی اور سہل قرض اسکیم “پنجاب آسان کاروبار” کے نام سے متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے ابتدائی مرحلے میں 7,514 افراد کو مستفید کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ کل فنانسنگ حجم 75 ارب روپے ہوگا، جب کہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے 22.25 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے۔ آئندہ برسوں میں ممکنہ قرض خسارے (کریڈٹ لاس) کا تخمینہ 10 فیصد تک لگایا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پنجاب کے محکمہ صنعت نے اس اسکیم کے تمام مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ حکومت کو فراہم کر دی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد کاروباری ماحول کو بہتر بنانا، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔
حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ یہ قدم صوبے کی معیشت کو مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے برسوں میں اس اسکیم کے مثبت نتائج پنجاب کی کاروباری فضا پر نمایاں طور پر مرتب ہوں گے۔