اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کے لیے ڈیزائن منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بدھ کے روز کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، جہاں پالیسی ریٹ برقرار رکھنے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔گورنر کے مطابق، نئے نوٹوں کا ڈیزائن ایک بین الاقوامی ماہر کی خدمات حاصل کر کے تیار کرایا گیا ہے۔
تاہم، یہ عمل کابینہ کی منظوری کے بعد ہی باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے گا۔ماہرین کے خیال میں اگر حکومت اس تجویز کو منظور کر لیتی ہے تو آئندہ مہینوں میں نئی کرنسی نوٹوں کی طباعت اور اجرا کا عمل شروع ہو سکتا ہے، جو مالی نظام میں شفافیت، سیکیورٹی اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔فی الوقت نئے نوٹوں کی حتمی شکل یا ڈیزائن عوام کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا اور کچھ ویب سائٹس پر زیرِ گردش تصاویر اسٹیٹ بینک کے آرٹ مقابلے کا حصہ تھیں، جنہیں حتمی ڈیزائن تصور کرنا درست نہیں۔