لاہور( این این آئی)اوپن مارکیٹوں میں چینی کی 200روپے کلو فروخت جاری ہے جبکہ کئی علاقوں میں چینی دستیاب ہی نہیں اوردکانداروں کا کہنا ہے کہ تھوک مارکیٹ سے چینی کی سپلائی نہیںمل رہی ، درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں بھی 6روپے کلوا ضافہ ہو گیا۔صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن طاہرثقلین بٹ کے مطابق درجہ دوم کے گھی کی قیمت 6 روپے 20 پیسے اضافے سے 525روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے ۔طاہرثقلین نے بتایا کہ کمپنیاں گھی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے رہی ہیں۔
دوسری جانب بیشتر علاقوں میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخ173روپے فی کلو چینی دستیاب نہیں ۔ جن دکاندار وں کے پاس چینی موجود ہے وہ صرف جاننے والے گاہکوں کو 200روپے کلو چینی کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں ،جرمانوں اور گرفتاریوں کے خوف سے کسی اجنبی کو چینی فروخت نہیں کی جارہی ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہوںنے چینی کی فروخت بند نہیں کی بلکہ انہیں تھوک مارکیٹ سے چینی مل نہیں رہی ۔