اسلام آباد (نیوز ڈیسک) واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکی حکومت نے نان امیگرنٹ ویزا رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے نئی اضافی فیس کا اعلان کر دیا ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت سیاحت، تعلیم یا کاروباری مقاصد کے لیے امریکا آنے والے افراد کو اب ویزا درخواست کے علاوہ 250 امریکی ڈالر اضافی ادا کرنا ہوں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم “سیکیورٹی ڈپازٹ” کے طور پر لی جائے گی، جو صرف انہی افراد کو واپس کی جائے گی جو امریکا میں قیام کے دوران ویزا کی تمام شرائط پر مکمل عمل کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر وطن واپس لوٹ جائیں گے۔
ماہرین قانون کے مطابق یہ اقدام “ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ” کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔ تاہم یہ بات اہم ہے کہ 250 ڈالر کی واپسی خودکار نہیں ہوگی، بلکہ متعلقہ فرد کو تحریری اور دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس نے ویزا کی کسی بھی شرط کی خلاف ورزی نہیں کی۔تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ رقم واپس لینے کے لیے طریقہ کار کیا ہوگا، مگر امریکی حکام جلد اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کرنے کا عندیہ دے رہے ہیں۔ اس پالیسی پر جلد عمل درآمد متوقع ہے۔