لاہور( این این آئی)پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا ء کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے ٹریفک پولیس نے جدید نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹرز پر نئی ٹیکنالوجی کے تحت گاڑیوں میں سنسرز اور کیمرے نصب کیے جائیں گے، اس نظام کے ذریعے ٹیسٹ کے دوران امیدوار کی ہر غلطی خودکار طریقے سے سسٹم میں ریکارڈ ہو جائے گی جس سے انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ تمام سنٹرز پر ٹیسٹنگ کے لیے نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جن میں اندرونی و بیرونی کیمرے اور جدید سینسرز نصب ہوں گے۔
اس کے علاوہ بائیو میٹرک حاضری کے ذریعے بھی ٹیسٹنگ کے عمل کو شفاف اور قابل اعتماد بنایا جائے گا۔ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں صرف 17 فیصد ڈرائیورز ایسے ہیں جن کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے،ٹریفک پولیس اس شرح کو بڑھانے اور جعلی یا نااہل ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کو موثر بنانے کے لیے یہ جدید اقدامات کر رہی ہے۔