اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اگر آپ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے یا روزگار کے مواقع کے لیے برطانیہ جانے کا منصوبہ رکھتے ہیں تو خوشخبری یہ ہے کہ برطانوی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے عمل کو مزید آسان بنا دیا ہے۔
برطانیہ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے طلبا اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزا کی سہولت متعارف کروا دی ہے، جس کا اطلاق آج، 15 جولائی سے ہو چکا ہے۔
اس حوالے سے برطانیہ کے ہائی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ویزا حاصل کرنے والے زیادہ تر افراد کو اپنے پاسپورٹ پر روایتی ویزا اسٹیکر لگوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بیان کے مطابق ای ویزا ایک ڈیجیٹل دستاویز کی صورت میں دستیاب ہوگا، جو برطانیہ میں داخلے اور وہاں قیام کی شرائط سے متعلق معلومات کو آن لائن محفوظ رکھے گا۔ ویزا ہولڈر UKVI (یو کے ویزا اینڈ امیگریشن) کے آن لائن اکاؤنٹ میں لاگ ان کر کے یہ تفصیلات دیکھ سکیں گے۔
اس سہولت کا مقصد ویزا عمل کو مزید جدید، محفوظ اور آسان بنانا ہے تاکہ بین الاقوامی سفر کے خواہشمند افراد کو کم وقت میں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔