سڈنی۔۔۔۔آسٹریلیا کی ٹیم بھارت کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز چائے کے وقفے سے قبل 530 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیو کپتان سٹیون سمتھ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔ انھیں امیش یادو نے 192 رنز پر بولڈ کر دیا۔سمتھ پہلے آسٹریلوی کپتان بن گئے ہیں جنھوں نے کپتانی کے پہلے دونوں میچوں میں سنچری سکور کی ہو۔ سٹیون سمتھ کو مائیکل کلارک کے ان فٹ ہو جانے کے بعددوسرے ٹیسٹ میں کپتان مقرر کیاگیا تھا۔ انھیں کپتانی اس قدر راس آئی ہے کہ مسلسل شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔آسٹریلیا نے دوسرے دن کا کھیل پراعتماد انداز میں شروع کیا اور ناٹ آؤٹ بلے بازوں نے بغیر کسی پریشانی کے بھارتی بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بولر رائن ہیرس نے جارحانہ 74 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی کو چار وکٹ ملے جبکہ امیش یادو اور رام چندر اشون نے تین تین وکٹیں لیں۔سٹیو سمتھ اور بریڈ ہیڈن کے مابین 110 رنز کی شراکت ہوئی۔ وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن دوسرے روز آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو محمد شامی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کو دوسرا نقصان اس وقت ہوا جب مچل جانسن آف سپنر ایشون کی گیند پر سٹمپ ہو گئے۔باکسنگ ڈے پر شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔انھیں میچ کے دوسرے ہی اوور میں امیش یادو نے کیچ آؤٹ کروایا۔ابتدائی نقصان کے بعد روجرز اور شین واٹسن نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچریاں سکور کیں۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت قائم کی۔تاہم اس سکور پر پہلے روجرز محمد شامی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوئے اور پھر واٹسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے ایشون نے بھارت کو تیسری کامیابی دلوا دی۔یہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو اس سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل ہے۔