ماسکو(این این آئی )واگنر ملٹری گروپ کے کمانڈر کی طرف سے روسی فوج کی قیادت کے خلاف بغاوت کے اعلان کے اور روس کی جانب سخت انتباہ کے درمیان، ایک خاکروب لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو کلپ میں روس کے اسٹریٹیجک شہر روستوف(جس پر واگنر کی افواج کا کنٹرول تھا)میں ایک خاکروب کو دکھایا گیا جو اپنے ارد گرد فوجی افسران، بکتر بند گاڑیوں اور ٹینکوں کی موجودگی کی پرواہ کیے بغیر سڑکوں کی صفائی اور کچرا اٹھانے میں مصروف تھا۔ویڈیو جس نے سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کی توجہ حاصل کی، میں افسران کو معمول کے مطابق حرکت کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا، جب کہ اس دوران اہلکار نے بغیر کسی مداخلت کے اپنا کام جاری رکھا۔واضح رہے کہ واگنر گروپ کے کمانڈر ایوگینی پریگوزین نے روستوف شہر میں داخلے کا اعلان کیا ہے جو جنوبی روس میں سٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور یوکرین کے قریب ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے شہر کے ہوائی اڈے سمیت روستوف میں فوجی مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔62 سالہ واگنر کمانڈر، جس نے گزشتہ مہینوں کے دوران شوئیگو اور روسی عملے کے خلاف اپنے شعلہ بیان بیانات سے تنازعات کو جنم دیا، نے کل شام یہ اعلان کیا جو نافرمانی اور فوجی بغاوت سے مشابہت رکھتا ہے، اور فوج سے اپنے رہنماں کو معزول کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔