لاہور ( این این آئی) بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت ، عمان مفرور ہونے والے ایک اور اشتہاری کو گرفتار کر لیا گیا ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے کریک ڈائون میں تیزی آئی ہے ۔
قتل کی واردات میں 06برس سے مطلوب اشتہاری کامران حنیف کو انٹر پول کی مدد سے عمان سے گرفتار کر لیا گیا ۔پنجاب پولیس کی ٹیم اشتہاری کامران حنیف کو عمان سے لے کر لاہور ائیر پورٹ پر پہنچ گئی۔ بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 40 ہوگئی۔ قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کامران حنیف 06برس سے پنجاب پولیس منڈی بہائوالدین کو مطلوب تھا۔ منڈی بہائوالدین پولیس نے انٹر پول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا ۔آئی جی پنجاب نے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی اور سنگین وارداتوں میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کے لئے کریک ڈائون کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ خطرناک اشتہاری مجرمان کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔