ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے الجرف انڈسٹریل ایریا میں ڈیزل ایندھن کا ٹینک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل الشیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے بتایا کہ
آپریشن روم کوپیر کی صبح 11 بجے ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ عجمان کی ایک فیکٹری میں (ڈیزل)ٹینک میں دھماکہ ہوا ہے۔ یہ واقعہ الجرف کے صنعتی علاقے میں فیول ٹریڈنگ کمپنی کے گودام میں پیش آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں پتا چلا کہ سائٹ پر موجود دو کارکن ایک ٹینک کے اوپر ویلڈنگ کا کام کر رہے تھے، جس کے نتیجے میں ٹینک کے اندر موجود ایندھن میں چنگاری لگنے سے تیل کے ٹینک میں لگی جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایشیائی ورکرز کی موت واقع ہوئی اور پڑوسی فیکٹری میں پھٹنے والے ٹینک کے کور کے ٹکڑوں کی وجہ سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔