لاہور( نیوزڈیسک)کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی کو مزید موثر بنانے کیلئے سماجی اور فلاحی تنظیموں کےلئے این او سی لازمی قرار دےدیا گیا ،کھالیں خریدنے والے بیوپاریوں کی بھی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کےلئے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اس سلسلہ میں فلاحی اور سماجی تنظیمیں کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے حکومت سے باقاعدہ این او سی لینے کی پابند ہوں گی اور اس کے بغیر ان کے کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ہو گی ۔ این او سی کے بغیر کسی مقام پر کیمپ بھی نہیں لگایا جا سکے گا ۔ذرائع کے مطابق ضلعی حکومت لاہور نے دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کےخلاف کارروائی کے لئے نو ٹاﺅنز کے ایڈ منسٹریٹرز کو سپیشل سکواڈ تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی ادارے کھالیں خریدنے والے بیوپاریوں کی بھی مانیٹرنگ کریں گے اور شک کی صورت میں ان سے پوچھ گچھ بھی کی جا سکے گی ۔