لاہور( نیوزڈیسک)این اے 122سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی طرف سے حلقے کی عوام کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے ،لاہور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اس میں دڑاڑ ڈالنے کا سوچنے والے خوابوں کی دنیا سے باہرآکر دیکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ریلوے لائن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی پی 147سے امیدوار میاں محسن لطیف اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو یہ درد ہے کہ لاہور کی ترقی پر کیوں توجہ دی جارہی ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ (ن) لیگ کا جب بھی دور آیا صرف لاہور نہیںپورا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو ا ۔ میٹرو بس سے روزانہ ہزاروں شہری صرف بیس روپے میں آرام دہ سفر کرتے ہیں اب میٹرو اورنج ٹرین کا منصوبہ آنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین دولت کی لالچ دے کر حلقے کی عوام کے ضمیر خریدنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ لاہور (ن) لیگ کا گڑھ ہے اس کے باشعور عوام کو اس طرح کی لالچ سے ورغلایا نہیں جا سکتا ۔