اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ مقابلے میں شرکت کے لیے امریکہ کا پاکستانی طلبا کو ویزہ جاری نہ کرنا شرمناک ہے، ہمارے نوجوان ہر میدان میں قومی پرچم سربلند کر نے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں مائیکرو سافٹ آفس اسپیشلسٹ ورلڈ چیمپین شپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی طلبا کوویزہ نہ دینا شرمناک ہے۔ ایک طالبعلم کو ویزہ جاری کیا گیا اس نے مائیکرو سافٹ آفس اسپیشلسٹ ورلڈ چیمپین شپ میں کامیابی حاصل کرکے امریکا کے منہ پر طمانچہ مارا۔حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھی امریکی افسروں کو ویزہ جاری نہ کرے۔عالمی سطح پر مائیکروسوفٹ مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان وقاص علی کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان بہت با صلاحیت ہیں وہ خوش ہیں کہ انہوں نے ملک کا نام روشن کیا۔وقاص نے حکومت وقت سے شکوہ کیا کہ ان کی کامیابی پر کسی حکومتی رکن نے ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔وقاص نے ثابت کیا کہ پاکستان طلبا کو مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ہر میدان میں پاکستان کا پرچم سربلند کرسکتے ہیں۔