لاہو ر( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر وسابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پرانے اتحادیوں کے ساتھ بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، جلد خوشخبری دیں گے، وہ بھی تسلیم کرتے ہیں ہم بھی تسلیم کرتے ہیں کہ غلطیاں دونوں طرف سے ہوئی ہیں۔
صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور سابق صوبائی وزرا سردار آصف نکئی، محمد ہاشم ڈوگر اور فیاض الحسن چوہان نے ملاقات کی جس میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے نے الیکشن کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی ہیں، کابینہ کی مجال نہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ بن سکے، اب جو آئین اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرے گا وہ گھر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اعلی عدلیہ کے ججوں کی ذاتیات کو زیر بحث نہیں لایا جا سکتا، پارلیمنٹ میں ججوں کی ذاتیات پر حملے آئین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، عدلیہ کے پر کاٹنے کی کوشش کرنے والوں کے اپنے پر کٹ چکے ہیں، نواز شریف اب لندن میں بیٹھ کے اپنے زخم ہی چاٹتے رہیں گے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ صدر علوی نے عدلیہ کے خلاف بل پر دستخط نہ کرکے دانش مندانہ فیصلہ کیا۔ شہباز شریف کو صدرعلوی سے تکلیف یہ ہے کہ ان کو غیر آئینی کاموں پر ٹوکتے اور روکتے کیوں ہیں، عدلیہ کے خلاف حکومت کا ہرغیر آئینی بل اپنی موت آپ مر جائے گا۔سابق وزیراعلی کا مزید کہنا تھا ایم کیو ایم اور جی ڈی اے عدلیہ کے خلاف پی ڈی ایم کی سازشوں کا حصہ نہیں بنیں گی۔