اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی ہونے کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا ہے ،ججز نے نظریہ ضرورت کے بجائے آئین و قانون کیساتھ کھڑا ہونا پسند کیا، ان کا فیصلہ تاریخ کے عظیم فیصلوں میں لکھا جائیگا، پاکستان کی عدلیہ خراجِ تحسین کی مستحق ہے،
مسلم لیگ (ن) اپنے وزرا کی قیادت میں سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،ہم ایمرجنسی نہیں مانتے صرف آئین و قانون کو مانتے ہیں یہی جمہوریت کی اساس ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کہاکہ جسٹس منیر کے نظریہ ضرورت کے فیصلے کو دفن کرکے نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ججز نے نظریہ ضرورت کے بجائے آئین و قانون کے ساتھ کھڑا ہونا پسند کیا، ان کا فیصلہ تاریخ کے عظیم فیصلوں میں لکھا جائے گا، پاکستان کی عدلیہ خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔انہوںنے کہاکہ میں پوری قوم کی جانب سے جج صاحبان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیوں کہ آپ آئین کے ساتھ کھڑے ہوئے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ جس طرح آج مسلم لیگ (ن) اپنے وزرا کی قیادت میں سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوںن یکہاکہ ہم تمام اداروں سے یہ توقع کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کو فنڈ اور ووٹرز کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم ایمرجنسی نہیں مانتے صرف آئین و قانون کو مانتے ہیں یہی جمہوریت کی اساس ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے بہت واضح، آئینی اور تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت نے الیکشن کی تاریخ کو آگے بڑھا کر اکتوبر میں لے جانے کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دے دیا ہے۔بیرسٹر علی ظفر کے مطابق عدالت کہا ہے کہ نگراں حکومت، وفاقی حکومت سمیت تمام عہدیداروں پر ذمہ داری ہے کہ وہ اس انتخابات میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں۔انہوںنے کہاکہ عدالت نے واضح کردیا ہے کہ وہ 5 رکنی بینچ ہی تھا جس نے اکثریت سے الیکشن کا فیصلہ سنایا تھا
جو قانونی اعتبار سے درست ہے، عدالت نے یہ بھی واضح کردیا ہے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کا اس بینچ کے فیصلے کے اوپر کوئی اثر نہیں ہوگا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت نے نظریہ ضرورت کو دفن کردیا، آئین کے تقدس کوبحال کردیا، ان سازشی قوتوں جو اس ملک میں جمہوری اور آئینی نظام کی رہا میں رکاوٹ کھڑی کررہے تھے انہیں زندہ درگور کردیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس معلوم ہوا کہ آج بھی ہمارے معاشرے میں ایسے لوگ موجود ہیں جو مرعوب نہیں ہوتے، دباؤ میں نہیں آتے،دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے بلکہ اپنے ضمیر، آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ آج ان لوگوں کو شکست ہوئی ہے جو جسٹس منیر اور نظریہ ضرورت کے پیروکار تھے، اس سے جمہوری اور غیر آئینی قوتوں میں فرق واضح ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ ایسا ماحول پیدا کریں جس میں صاف شفاف انتخابات ممکن ہو سکیں ،ہماری لڑائی ذاتی نہیں ہے، آپ کو عدالت نے موقع فراہم کردیا ہے کہ آپ اپنی قیادت کے ہمراہ لوگوں کے سامنے جا کر اپنا نقطہ نظر رکھیں اور ہم اپنا رکھیں گے جس کے بعد فیصلہ عوام کا ہوگا۔