کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ بعض لوگوں کو عوام کی افطاری کے لیے میرے پکوڑے تلنے پر اعتراض ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری سحری میں کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں واقع فوڈ اسٹریٹ پہنچے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عوامی افطاری کے لیے اگر میں پکوڑے بنا رہا ہوں تو اس میں کیا برائی ہے؟،میں عوام کے لیے ہر کام کرنے کے لیے تیار ہوں، تنقید کرنے والے کسی حال میں خوش نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہاکہ تنقید کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں، میں اپنا کام کرتا رہوں گا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا میرا عزم ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ عوام ہر صاحبِ اختیار کو اپنے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں، سرجانی میں عید کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن ہو گا۔واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شام گورنر ہائوس میں ہونے والی عوامی افطاری کے لیے پکوڑے تلتے ہوئے ویڈیو شیئر کی تھی۔