تہران (این این آئی)ایران میں ایک شخص نے ایک دکان میں خریداری کے لیے آنے والی دوبے پردہ خواتین کے سروں پردہی انڈیل دیا ہے۔ایرانی عدلیہ نے اس واقعہ کی ویڈیو منظرعام پرآنے والے بعد تین وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔ایرانی میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ
ایک وارنٹ گرفتاری حملہ آورشخص کے خلاف جاری کیا گیا ہے۔اس پرعملی طورپر توہین اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کا الزام عایدکیا گیا ہے جبکہ دو وارنٹ دونوں متاثرہ خواتین کوسر کے بال نہ ڈھانپنے پر جاری کیے گئے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ شخص ایک دکان میں دو خواتین کے پاس آرہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ وہ دہی کاپیالا پکڑنے اور اسے ان کے سروں پر ڈالنے سے پہلے کچھ سیکنڈ کے لیے ان کے ساتھ بحث کرتا ہے۔ اس کے بعد اس شخص کا سامنااسٹور کے مالک سے ہوتا ہے، جسے عدالتی حکام نیاپنے اسٹور میں حجاب نہ اوڑھنے والی خواتین کو داخلے کی اجازت دینے پر انتباہ جاری کیا ہے۔