راولپنڈی(این این آئی)گوجرخان میں برطانیہ پلٹ فیملی سے غیر ملکی کرنسی اور دس تولے سے زائد سونے کے زیورات ، سفری دستاویزات و دیگر اشیا لوٹ لی گئیں۔پولیس کے مطابق وارڈ نمبر 7 سے تعلق رکھنے والی مسماۃسونیا عزیز نے بتایاکہ وہ برطانیہ سے اپنے خاوند کے ہمراہ ایئرپورٹ پر اتری تھیں اور اپنے والد کے گھر واقع گوجرخان جانے کے لیے ایئرپورٹ سے نکلی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ کچھ ہی فاصلے پر تھے کہ اچانک ایک گاڑی میں سوار تین مسلح افراد نے گاڑی رکوالی اور اسلحے کے زور پر ان سے چوبیس سو پونڈ ، دس تولے سے زائد سونے کے زیورات، گھڑی، آئی پیڈ ، لیپ ٹاپ، کپڑے، جوتے، برطانیہ کے ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس اور سفری دستاویزات لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔