دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے زنگ بیلز تنازع کے باوجود رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے دوران بیلز تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلینڈ میں جاری میگا ٹورنامنٹ میں پانچ مرتبہ گیند لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے کے واقعات ہو چکے ہیں جس پر سابق کرکٹرز مائیکل وان، ناصر حسین، موجودہ کرکٹرز ویرات کوہلی اور ایرون فنچ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے بیلز تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ورلڈ گورننگ
باڈی نے اسے مسترد کرتے ہوئے رواں ٹورنامنٹ کے دوران انہی بیلز کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی نے کہاکہ 2015ء سے آئی سی سی کے تمام ایونٹس میں زنگ بیلز استعمال ہو رہی ہیں جس کا مطلب ہے کہ اب تک 1000 سے زائد میچز میں یہ سسٹم استعمال ہو چکا ہے اسلئے ہم رواں ورلڈ کپ کے دوران بیلز کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں اور مجموعی طور پر کھیلے جانے والے 48 میچز میں یہی زنگ بیلز استعمال ہوں گی۔