سڈنی (این این آئی)کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز سدر لینڈ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ 20 سال سے جڑے سدرلینڈ اپنے اس سفر کے 17 سال تک چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر تعینات رہے ۔انہوں نے 12 ماہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنے متبادل کے ملنے تک اپنی خدمات سرانجام دینے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا میں تقریباً 20 سال گزارنے کے بعد اب یہ صحیح وقت ہے، میں بہت مطمئن ہوں کہ یہ وقت میرے لیے اور کھیل کے لیے بہتر ہے۔خیال رہے کہ سدر لینڈ کا استعفیٰ آسٹریلین کرکٹ میں گزشتہ چند ماہ کے دوران آنے والی تبدیلیوں میں انتہائی اہم ہے۔ان پر یہ دباؤ اس وقت سامنے آیا جب مارچ کے مہینے میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ، ان کے نائب ڈیوڈ وارنر اور بلے باز کمرون بین کرافٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کی تھی۔ان تمام کھلاڑیوں کو اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد ریاستی و بین الاقوامی کرکٹ پر پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ ٹیم کے کوچ ڈیرن لیہمین نے استعفیٰ دے دیا تھا۔سدر لینڈ نے استعفیٰ دینے کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دباتے ہوئے کہا تھا کہ اس بحران میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ اس وقت انتہائی بڑا مسئلہ تھا تاہم اگر ا?پ کسی انڈسٹری اور ماحول میں کام کرتے ہیں جیسے ہم کام کرتے ہیں قریباً 20 سال گزارنے کے بعد اب یہ صحیح وقت ہے تو یہ چیزیں وقت کے ساتھ ساتھ سامنے آتی رہتی ہیں۔